اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے کہا ہے کہ جماعت کے برادر ملک مصر کے ساتھ مثبت اور معیاری تعلقات کے قیام میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ مصر کی قومی سلامتی فلسطین کی قومی سلامتی کا حصہ ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں کہا کہ حالیہ ہفتوں کےدوران حماس اور مصر کےدرمیان دو طرفہ تعلقات کے قیام میں اہم پیش رفت دیکھی گئی ہے۔ قاہرہ اور حماس کے درمیان کئی اہم شعبوں میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے اور دو طرفہ دلچسپی کے امور میں مفاہمت کی پالیسی اختیار کرنے ضرورت سے اتفاق کیا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں انتظامیہ نے مصر کے ساتھ سیکیورٹی کےحوالے سے طے پائے اہم نکات پر عمل درآمد کیا ہے۔ ہمارا مقصد مصر کی قومی سلامتی کو یقینی بنانا اور سرحد کو ہرقسم کی غیرقانونی آمد و رفت سے محفوظ بنانا ہے۔ حماس کو مصر کی قومی سلامتی کا ادراک ہے۔ مصر کی قومی سلامتی فلسطین کی قومی سلامتی کے مترادف ہے۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ مصری حکومت جلد ہی غزہ کی واحد بین الاقوامی گذرگاہ رفح کو دو طرفہ آمد ورفت کے لیے کھول دے گی تاکہ غزہ کے شہریوں کو بیرون ملک تجارت ضروریات کے لیے سفر کی سہولت کے ساتھ ساتھ غزہ کے شہریوں کو بیرون ملک جانے کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
قبل ازیں غزہ کی پٹی کے ڈائریکٹر جنرل سیکیورٹی میجر جنرل توفیق ابو نعیم نے بتایا کہ فلسطین کا ایک تکنیکی وفد جلد ہی قاہرہ کے لیے روانہ ہوگا۔ وفد مصری حکام کے ساتھ غزہ کی پٹی کی سرحد پر سیکیورٹی کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ غزہ کو ایندھن کی سپلائی پر بات چیت کرے گا۔