شنبه 03/می/2025

غزہ کے مریضوں کو بچانے کے لیے دستخطی مہم

اتوار 2-جولائی-2017

فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے مریضوں پر فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے عاید کردہ سفری پابندیوں کے خلاف اور مریضوں سے اظہار یکجہتی کے لیے دستخطی مہم شروع کی گئی ہے جس میں ہزاروں شہریوں نے بھرپور حصہ لیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی میں یوتھ گروپوں کی طرف سے شروع کی گئی دستخطی مہم کے لیے فلسطینی صدر محمود عباس کی رہائش گاہ کے سامنے دیوار پر ایک بڑی پٹیشن تیار کی گئی ہے جس پر ہزاروں شہری دستخط کررہے ہیں۔

اس پٹیشن پر شہریوں کی طرف سے بڑی تعداد میں دستخط کیے جا رہیں۔ پٹیشن میں فلسطینی اتھارٹی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ غزہ کے مریضوں پر عاید کردہ سفری پابندوں کا فوری خاتمہ کرے اور غزہ کے شہریوں بالخصوص مریضوں کے معاملے میں انتقامی پالیسی سے سختی سے گریز کیا جائے۔

جمعہ کے روز شروع کی گئی دستخطی مہم کے دوران پٹیشن پر اب تک ہزاروں فلسطینی نوجوانوں اور مردو خواتین سمیت زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے دستخط کیے ہیں۔

پٹیشن کے منتظمین کا کہنا ہے کہ وہ فلسطینی اتھارٹی کی انتقامی سیاست کا شکار غزہ کے مریضوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے بھی پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فلسطینی اتھارٹی پر غزہ کے مریضوں پرعاید کردہ پابندیوں کے خاتمے کے لیے اقدامات کریں۔

خیال رہے کہ دو ہفتے قبل فلسطینی اتھارٹی نے غزہ کی پٹی کے مریضوں کو علاج کے لیے دوسرے شہروں میں موجود اسپتالوں میں لےجانے پر پابندی عاید کردی تھی جس کےنتیجے میں بچوں سمیت ایک درجن شہری جان بحق ہوگئے ہیں۔

 

مختصر لنک:

کاپی