شنبه 16/نوامبر/2024

فلسطینی اتھارٹی غزہ کے مریضوں پرعاید پابندی اٹھانے کو تیار

ہفتہ 1-جولائی-2017

اسرائیلی اخبارات نے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی بیرونی دباؤ کے بعد غزہ کی پٹی کے مریضوں پر عاید کردہ پابندیاں اٹھانے اور مریضوں کو غزہ سے باہر لے جانے کی اجازت دینے پر تیار ہوگئی ہے۔

اسرائیل کے عبرانی اخبار’ہارٹز‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ غزہ کے مریضوں پر فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے عاید کردہ سفری پابندیوں پر سخت عالمی رد عمل سامنے آیا تھا جس کے بعد رام اللہ حکومت غزہ کے مریضوں کو دوسرے شہروں میں علاج کے لیے لے جانے کی اجازت دینے پر تیار ہوگئی ہے۔ کل اتوار سے غزہ کے مریضوں کو دوسرے فلسطینی شہروں میں لے جانے کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔

عبرانی اخبار کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے غزہ کے مریضوں پر عاید پابندیاں اٹھانے کے حوالے سے فلسطینی اور اسرائیلی انتظامیہ کےدرمیان بھی رابطہ ہوا ہے۔ صہیونی حکومت کی طرف سے فلسطینیوں کے لیے مقرر کردہ رابطہ کار ’بولی مرد خائی‘  اور فلسطینی انتظامیہ کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔

اخباری رپورٹ کے مطابق فلسطینی اور اسرائیلی انتظامیہ کے درمیان غزہ کے مریضوں کو دوسرے فلسطینی شہروں کے اسپتالوں میں داخل کرنے کی اجازت پر اتفاق رائے پایا گیا ہے۔ عالمی دباؤ کے بعد فلسطینی اتھارٹی کی وزارت صحت نے غزہ کے مریضوں کو غرب اردن اور دوسرے فلسطینی علاقوں میں قائم اسپتالوں میں داخل کرنے کی اجازت فراہم کی جائے گی۔

خیال رہے کہ فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے ایک ہفتہ قبل غزہ کی پٹی کے اسپتالوں میں زیرعلاج  مریضوں کو دوسرے فلسطینی شہروں میں قائم اسپتالوں میں داخل کرنے پر پابندی عاید کردی گئی تھی، جس کے نتیجے میں چار بچوں سمیت ایک درجن فلسطینی علاج کی سہولت نہ ملنے کے باعث اسپتالوں میں دم توڑ چکے ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی