جمعه 15/نوامبر/2024

’لندن نمائش میں مسئلہ فلسطین کو اجاگرکرنے کی منفرد کوشش‘

بدھ 28-جون-2017

آئندہ ہفتے برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں فلسطینی ثقافت مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے کے لیے ایک اہم نمائش کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

بیرون ملک پیپلز جنرل کانگریس کے ترجمان زیاد العالول نے ’مرکزاطلاعات فلسطین‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ نمائش برطانوی پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے منعقد کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ برطانیہ میں موجود یہودی لابی نمائش کا انعقاد روکنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہے۔ صہیونیوں کو خدشہ ہے کہ برطانیہ کے قلب میں ہونے والی یہ نمائش مظلوم فلسطینی قوم کے ساتھ صہیونی ریاست کے مکروہ عزائم اور مظالم کو اجاگر کرتے ہوئے دنیا بھر میں بالخصوص برطانیہ میں اسرائیل کی بدنامی اور جگ ہنسائی کا موجب بنے گی۔

العالول کا کہنا تھا نمائش میں فلسطینی تاریخ، ثقافت، تہذیب وتمدن، تشخص، روایات اور عادات کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ قضیہ فلسطین کی اہمیت بھی نمایاں کی جائے گی۔

برطانیہ میں سرگرم ’الاقصیٰ فرینڈز‘ نامی تنظیم نمائش میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے گی۔ آٹھ اور نو جولائی کو ہونے والی اس منفرد نمائش میں ایشیائی ممالک بالخصوص پاکستان، بھارت اور برطانیہ سے تعلق رکھنے والے کارکنان بڑی تعداد میں حصہ لیں گے۔

نمائش میں فلسطینی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف تصاویر، ویڈیوز، فلسطینی پکوانوں کی بھی نمائش کی جائے گی۔ علاوہ ازیں مختلف سیمینار کا انعقاد بھی نمائش کا حصہ ہے جس میں ماہرین قضیہ فلسطین اور فلسطینی کلچر پر لیکچر دیں گے۔

مختصر لنک:

کاپی