اسرائیلی فوج نے منگل کو صبح سویرے غزہ میں متعدد مقامات پر زمینی اور فضائی حملے کیے ہیں جن میں کئی مکانات کو نقصان پہنچا ہے تاہم بمباری میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق منگل کو اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں نے شمال مغرب میں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے البدر نامی ایک ٹھکانے کو حملے کا نشانہ بنایا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پی آئی سی کےنامہ نگار کے مطابق البدر مرکز پراسرائیلی فوج کی طرف سے کم سے کم ایک میزائل حملہ کیا گیا ہے۔
ادھر جنوبی غزہ میں بھی اسرائیلی فوج نے توپخانے سے حجر الدیک کےمقام پر فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کے مراکز پر متعدد گولے داغے جن میں متعدد مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
صہیونی فوج کا دعویٰ ہے کہ یہ کارروائی غزہ پٹی سے اسرائیل کے جنوب میں ایک کھلے علاقے میں داغے گئے راکٹ کے دھماکے کے جواب میں کی گئی۔
قابض اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ یہ راکٹ پیر کی شام داغا گیا تاہم اس کے نتیجے میں کوئی جانی یا مادی نقصان نہیں ہوا۔
اسرائیلی فوج کے بیان کے مطابق مذکورہ راکٹ شعار ہانیگیو کے علاقے میں گرا۔