چهارشنبه 30/آوریل/2025

زیتون کا تیل زہائمر سے بچاؤ اور قوت حافظہ کے لیے مفید

بدھ 28-جون-2017

امریکا میں ماہرین نے زیتون کے تیل کےطبی خواص پرایک نئی تحقیق کی ہے جس میں بتایا گیاہے کہ زیتون کا تیل قوت حافظہ کو تقویت دینے کے ساتھ ساتھ دماغی مرض ’الزہائمر‘ سے بچاؤ کا بھی بہترین ذریعہ ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق امریکی تحقیقی مطالعے میں بتایا گیا ہے کہ زیتون کا تیل زہائمر کا موجب بننے والے خلیات ’بیٹا امیلویڈ‘  کو پیدا ہونے سے روکتا ہے۔

امریکا کی ٹیمپل یونیورسٹی کے زیراہتمام کی گئی تحقیق حال ہی میں سائنسی جریدے Annals of Clinical and Translational Neurology میں شائع ہوئی ہے۔

ماہرین نے چوہوں کے دو گروپوں پرزیتون کے تیل کے تجربات کیے۔ ان میں سے چھوٹی عمر کے چوہوں کے ایک گروپ کو زیتون کے تیل میں تیار کردہ خوراک دی جب کہ دوسرے گروپ کو زیتون کے تیل کے علاوہ چیزیں دی گئیں۔

ان چوہوں کی عمر چھ ماہ تھی جب انہیں زیتون کے تیل کی خوراک دینا شروع کی گئی۔ نو سے بارہ ماہ کی عمر تک انہیں یہ خوراک جاری رکھی گئی۔ ماہرین یہ جان کر حیران رہے کہ زیتون کے تیل والی خوراک کھانے والے چوہے دوسرے چوہوں کی نسبت زیادہ ذہین اور سیکھنے کی زیادہ صلاحیت رکھتے ہیں۔

امریکی ماہرین کی ٹیم کے سربراہ ڈومینکو براٹیکو کاکہنا ہے کہ زیتون کے تیل کی خوراک استعمال کرنے والے چوہوں کے دماغ میں ’بیٹا امیلویڈ‘ پروٹین کی مقدار میں بھی کافی کم ہوئی جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ زیتون کا تیل زہائمر جیسے امراض سے بچاؤ کا بھی موثر ذریعہ ہے۔

مختصر لنک:

کاپی