چهارشنبه 30/آوریل/2025

ترکی پابندی سے غزہ کے عوام کی مدد جاری رکھے گا:ایردوآن

منگل 27-جون-2017

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نے باور کرایا ہے کہ ان کا ملک فلسطینی قوم بالخصوص غزہ کی پٹی کے محصورین کی مدد پابندی کے ساتھ جاری رکھے گا۔

ترک صدر نے یہ بات اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ سے ٹیلیفون پر بات چیت میں کی۔ دونوں رہ نماؤں نے ایک دوسرے کو عیدالفطر کی مبارک باد پیش کی ہے۔

ترک صدر نے کہا کہ وہ اپنی ذات، جماعت، حکومت اور پوری ترک قوم کی طرف سے فلسطینی قوم کو عید کی مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترکی غزہ کی پٹی کے محصورین کی مدد جاری رکھے گا۔ انہوں نے ترکی کی طرف سے امدادی سامان کے ساتھ بھیجے گئے بحری جہاز کا سامان غزہ پہنچنے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ترک حکومت غزہ کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

دونوں رہ نماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں فلسطینی قوم کے خلاف صہیونی ریاست کی ریشہ دوانیوں، مسجد اقصیٰ اور القدس کے خلاف سازشوں اور صہیونی فوج کے جرائم پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ فلسطینی قوم قبلہ اول کے ساتھ اپنا رشتہ مضبوط بنائے ہوئے ہے۔ اس کا اظہار ماہ صیام کے آخری جمعہ کو تین لاکھ نمازیوں کے قبلہ اول میں اجتماع اور لیلۃ القدر کو 95 ہزار فلسطینیوں کی مسجد اقصیٰ میں عبادت سے ہوتا ہے۔

انہوں نے ترکی کی طرف سے غزہ کے عوام کے مسائل کے حل میں مدد فراہم کرنے پر انقرہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

مختصر لنک:

کاپی