فلسطینی محکمہ اوقاف کے مطابق آج اتوار کو ایک لاکھ کے قریب فلسطینی شہریوں نے مسجد اقصیٰ میں عیدالفطر کی نماز ادا کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عید کی نماز سے قبل اسرئیلی فوج اور پولیس نے بیت المقدس کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کررکھا تھا۔ مسجد اقصیٰ کے اطراف میں ہزاروں فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔
فلسطینی شہری ٹولیوں اور قافلوں کی شکل میں مسجد اقصیٰ پہنچے۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے عید کی نماز کے لیے آنے والے فلسطینیوں کی خفیہ کیمروں اور ڈرون کے ذریعے جاسوسی کی گئی۔
نمازیوں سے مسجد کے اندرونی حال اور صحن کھچا کھچ بھر گئے تھے۔ نماز عید کے لیے آنے والے نمازیوں کی خدمت کے لیے مسجد کمیٹی کے رضاکار، سدنہ اور انتظامیہ کے کارکن ہمہ تن مشغول رہے۔ اس موقع پر طبی عملے کی خدمات بھی حاصل کی گئی تھیں۔
مسجد اقصیٰ کے خطیب نے نماز عید کے خطبے میں فلسطینیوں پر عید کی نماز کے بعد عزیز واقارب سے ملنے ملانے اور مسجد اقصیٰ کے ساتھ اپنا تعلق قائم رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔