اسرائیل کے عبرانی نیوز ویب پورٹل ’’وللا‘‘ کے مطابق صہیونی ریاست کی فضائی دفاعی صنعت نے ’’لورۃ‘‘ نامی ایک نئے میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ یہ میزائل طویل فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت کا حامل اور انتہائی طاقت ور میزائل ہے۔
عبرانی نیوز ویب پورتل کے مطابق زمین سے زمین پر مار کرنے والے’لورۃ‘ نامی میزائل کی اپنے ہدف کو درست انداز میں نشانہ بنانے کی صلاحیت 400 کلو میٹر تک مار کرنے کی ہے۔ اس کےعلاوہ یہ میزائل اپنے ہدف پرلگنے کے بعد دس میٹر زمین میں گہرائی تک جاسکتا ہے۔ یوں لورۃ میزائل زمین دوز بنکروں اور سرنگوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
’لورۃ‘ میزائل کا وزن 1600 کلو گرام ہے جو دشمن کے علاقے میں اہم تزویراتی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اسے خشکی اور پانی دونوں سے داغا جاسکتا ہے۔
مذکورہ میزائل کو ’جی پی ایس‘ سسٹم کے ذریعے دشمن کی طرف سے کسی بھی خطرے یا کارروائی کی صورت میں فوری طور پر داغا جاسکتا ہے جو چند منٹ کے اندر اندر دشمن کی تنصیبات کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ اس میزائل کی خصوصیت اپنے ہدف کو صحیح نشانہ بنانے میں روایتی میزائلوں کی نسبت کئی گنا بہتر ہے۔