اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ عزالدین شہید بریگیڈ نےاسرائیلی ریاست کو مسلم امہ کے جسد میں ’کینسر کا پھوڑا‘ قرار دیتے ہوئے عالم اسلام پر زور دیا ہے کہ وہ جسد امت میں اس پھوڑے کو اکھاڑ پھینکے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عالمی ’یوم القدس‘ کے موقع پر القسام بریگیڈ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جسد امت سے صہیونی کینسر کو اکھاڑ پھینکنے کے لیے پوری مسلم امہ کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہو گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ عالم اسلام یوم القدس کے موقع پر اپنا قبلہ درست کرے، القدس کی آزادی کو مشن قرار دے اور فلسطین پر قابض صہیونیوں کو نکال باہر کرتے ہوئے قبلہ اول کو دشمن کے تسلط سے آزاد کرائے۔
القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے ’ٹوئٹر‘ پر پوسٹ اپنے بیان میں کہا کہ مسئلہ فلسطین مسلم امہ کا محوری مسئلہ ہونا چاہیے۔ عالم اسلام بیداری اور احساس ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے القدس اور فلسطین کو پنجہ یہود سے آزاد کرائے۔
اُنہوں نے کہا کہ صہیونی ریاست جسد امت مسلمہ میں ایک کینسر کے پھوڑے کی حیثیت رکھتا ہے اور اسے جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے ہرسطح پرکوششیں کرنا ہوں گی۔ ابو عبیدہ نے عالم اسلام پر زور دیاہ وہ مل کر اسرائیل کو بیرون ملک سے ملنے والی امداد بند کرانے کے لیے موثر اقدامات کریں۔