مسجد اقصیٰ کے ڈائریکٹر الشیخ عمر الکسوانی نے کل اتوار کے روز قبلہ اول میں اعتکاف بیٹھے روزہ داروں پر صہیونی فوج کے بہیمانہ تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مذہبی غنڈہ گردی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہےکہ صہیونی ریاست ایک منصوبے کے تحت فلسطینیوں کو مسجد اقصیٰ میں عبادت سے محروم کرنا چاہتی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق الشیخ عمر الکسوانی نے مرکزاطلاعات فلسطین کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ صہیونی فوج کی طرف سے مسجد اقصیٰ میں گھس کر نمازیوں اور معتفکین کو تشدد کا نشانہ بنانا مذہبی اشتعال انگیزی اور ناقابل قبول اقدام ہے۔ صہیونی فوج نے نہ صرف مسجد کے محافظوں کو تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ مسجد میں اعتکاف بیٹھے روزہ داروں پر بھی چڑھائی کی۔
الکسوانی کاکہنا تھا کہ صہیونی فورسز کی طرف سے فلسطینی نمازیوں اور معتکفین کو تشدد کا نشانہ بنا کر مسجد اقصیٰ میں کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ فلسطینی خوف زدہ ہوں اور وہاں پر عبادت کے لیے آنا ترک کردیں۔
انہوں نے مسجد اقصیٰ میں موجودہ کشیدگی کی ذمہ داری صہیونی انتظامیہ اور قابض ریاست پرعاید کی۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ روز اسرائیلی پولیس اور فوج کے ہولناک تشدد کے نتیجے میں کم سے کم 30 نمازی اور معتکفین زخمی ہوگئے تھے۔ اس واقعے کی تمام ترذمہ داری اسرائیل پرعاید ہوتی ہے۔
تشدد سے نمازی لہو لہان
مرکزاطلاعات فلسطین سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر الکسوانی نے کہا کہ مسجد اقصیٰ پر یہودیوں کے دھاووں کے وقت وہاں پر موجود نمازی اجتماعی طور پر نعرہ تکبیر[اللہ اکبر] بلند کرتےہوئے صہیونیوں کی یلغار کا مقابلہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کے روز صہیونی درندہ صفت فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر اتنا تشدد کیا کہ کئی نمازی لہو لہان ہوگئے۔
انہوں نے کہاکہ قابض صہیونی فوجی فلسطینی نمازیوں کو مسجد اقصیٰ کے احاطے میں گھسیٹتےاور انہیں لاٹھیوں سے بری طرح پیٹتے رہے جس کے نتیجے میں کئی نمازی زخمی ہوئے۔
صہیونی فوجیوں نے فلسطینی نمازیوں پر تشدد کرتے ہوئے مسجدا قصیٰ کے تقدس کا ذرا برابر خیال نہیں کیا۔ قابض فوجی اور پولیس اہلکار نہ صرف فلسطینی نمازیوں پر تشدد کرتے رہے بلکہ انہوں مسجد کے پہرے داروں کو بھی وحشیانہ تشدد کانشانہ بنایا۔
وحشیانہ تشدد سے 30 نمازی اور معتکفین زخمی
ڈاکٹر عمر الکسوانی نے بتایا کہ قابض صہیونی فوجیوں نے اتوار کے روز مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر وحشیانہ تشدد کیا جس کے نتیجے میں کم سے کم 30 فلسطینی نمازی زخمی ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ قابض فوجیوں نے فلسطینی نمازیوں پر لاٹھی چارج کے ساتھ ساتھ آنسوگیس کی شیلنگ، مرچوں سے ملا اسپرے اور دھاتی گولیوں کا بھی بے دریغ استعمال کیا جس کے نتیجے میں کم سے کم 30 فلسطینی نمازی زخمی ہوئے ہیں۔