قطر کے عالمی شہرت یافتہ نشریاتی ادارے الجزیرہ کا عربی زبان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ کچھ دیر کی بندش کے بعد بحال کر دیا گیا ہے۔ ٹوئٹر پرالجزیرہ کے فالورز کی تعداد ایک کروڑ بیس لاکھ سے زاید ہے۔
الجزیرہ کا کہنا ہے کہ ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے خلاف ایک منظم مہم کے تحت جعلی شکایات کی گئیں جس کی وجہ سے یہ اکاؤنٹ بند کر دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ حال ہی میں چھ عرب ممالک سعودی عرب، مصر، متحدہ عرب امارات، بحرین، لیبیا اور یمن نے قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات مقطع کردیے تھے۔ ان ممالک کا الزام ہے کہ قطر اخوان المسلمون کے علاوہ دولتِ اسلامیہ اور دیگر شدت پسند تنظیموں کی حمایت کرتا ہے۔ قطر نے اس اقدام کو بلاجواز اور بلاوجہ قرار دیا ہے۔
الجزیرہ کے ایک کروڑ 20 لاکھ فالورز والے الجزیرہ کے عربی زبان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کوہفتے کی صبح غیر واضح وجوہات کی بنا پر بند کر دیا گیا تھا۔
تاہم قطری وقت کے مطابق اتوار کی دوپہر تک یہ اکاؤنٹ بحال کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ کسی قومی خبر رساں ادارے کے اس طرح کے اکاؤنٹ کو بند کیا جانا انتہائی غیر معمولی بات ہے۔
الجزیرہ کے سنیئر ایڈیٹر کا کہنا تھا کہ یہ اکاؤنٹ اس وقت بند کیا گیا جب اس اکاؤنٹ کے خلاف شکایات کا ایک ’طوفان‘ برپا کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کی قیادت میں قطر کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے والے عرب ممالک نے قطر کی سرکاری ایئر لائن قطر ایئر ویز کو فضائی راستوں کی رسائی بھی روک دی ہے۔