چهارشنبه 19/مارس/2025

غزہ میں ہزاروں یتیم بچوں اور مساکین کا قطرکے ساتھ یکجہتی مظاہرہ

اتوار 18-جون-2017

فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں ہزاروں یتیم بچوں، غریب و نادار شہریوں اور بیواؤں نے قطر کے معاشی اور سفارتی بائیکاٹ کے خلاف اور دوحہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے عظیم الشان مظاہرہ کیا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی میں دیر البلح کے مقام پر ہزاروں یتیم بچوں، خواتین اور نادار شہریوں نے قطر کے امدادی ادارے الشیخ عید آلس ثانی چیئرٹی فاؤنڈیشن کی حمایت میں مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر الشیخ عید آل ثانی فاؤنڈیشن کے فلسطینی قوم کے لیے کردارکو خراج تحسین پیش کیا گیا تھا۔

دیر البلح اور اس کے اطراف کے تمام اسکولوں میں زیرتعلیم غریب بچوں اور دیگر شہریوں نے قطر کی حمایت میں نکالی گئی ریلی میں شرکت کی۔ انہوں نے ہاتھوں میں فلسطینی اور قطری پرچم بھی اٹھا رکھے تھے۔ اس کے علاوہ انہوں نے قطر کے معاشی، سیاسی اور سفارتی بائیکاٹ کے خلاف بھی شدید نعرے بازی کی۔

اس موقع پر انسانی حقوق کارکن اسماء ابو عمرہ نے کہا کہ غزہ کے عوام موجودہ حالات میں قطرکی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔ قطر کی جانب سے فلسطینی قوم کی ہمیشہ مشکل وقت میں مدد کی اور قضیہ فلسطین کو امت کے ایک مرکزی حل طلب مسئلے کی حیثیت سے اجاگر کرنے کے لیے کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خلیجی ریاست قطر کا سیاسی اور معاشی بائیکاٹ بلا جواز ہے۔ ہمارا پرزور مطالبہ ہے کہ قطر کا سفارتی اور سیاسی بائیکاٹ ختم کیا جائے۔

خیال رہے کہ دو ہفتے قبل سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے قطر پر دہشت گردی کی حمایت اور مالی معاونت کا الزام عاید کرتے ہوئے دوحہ سے سفارتی تعلقات توڑ لیے تھے۔

مختصر لنک:

کاپی