سه شنبه 18/مارس/2025

اقوام متحدہ: قطر پردہشت گردی کی معاونت سے متعلق رپورٹ مسترد

ہفتہ 17-جون-2017

اقوام متحدہ نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر کی جانب سے قطر پردہشت گردی کی معاونت سے متعلق جاری 59 شخصیات اور 12 تنظیموں کی فہرست مسترد کردی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن ڈو گریک نے نیویارک میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں چار ممالک کی طرف سے قطر پر دہشت گردی کی معاونت کے حوالے سے جاری کردہ رپورٹ سے اتفاق نہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے حوالے سے اقوام متحدہ کا اپنا طریقہ ہے۔ جو ادارے اور شخصیات اقوام متحدہ کی رو سے دہشت گردی کی فہرست میں نہیں آتے انہیں کسی ملک کی طرف سے دہشت گرد قرار دینے سے اقوام متحدہ پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔ اقوام متحدہ قطر پر عاید الزامات اور اس فہرست کو دہشت گرد قرار دینے کی پابند نہیں جو عرب ممالک کی طرف سے جاری کی گئی ہے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان نے خلیجی ملکوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اختلافات بات چیت کے ذریعے حل کریں اور کشیدگی کو ہوا دینے کی کوششوں سے سختی سے گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال ’یونیسیف‘ اور فلسطینی پناہ گزینوں کی  بہبود کے لیے قائم یو این ایجنسی‘اونروا‘ کے ساتھ کام کرنے والی قطری فلاحی تنظیموں کو دہشت گرد قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔ یہ تنظیمیں ماضی میں اقوام متحدہ کے اداروں کے ساتھ مل کر فلاحی اور رفاعی کاموں میں حصہ لیتی رہی ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے سعودی عرب، مصر، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے مشترکہ طور پرایک فہرست جاری کی تھی جس میں 59 افراد اور 12 اداروں کے نام درج کیے گئے تھے۔ ان ملکوں نےدعویٰ کیا تھا کہ فہرست میں شامل افراد اور ادارے دہشت گردی میں ملوث ہیں اور انہیں قطری حکومت کی طرف سے مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی