ایران کے شہر مشہد کی بلدیہ نے عالمی یوم القدس کے موقع پر اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے بانی الشیخ احمد یاسین شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیےشہر کی اہم شاہراہ اور چوکوں پر شہید کی قد آدم تصاویر چسپاں کی ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مشہد شہر میں الشیخ احمد یاسین شہید کی تصاویر عالمی یوم القدس کے موقع پر نمایاں کی گئی ہیں۔ خیال رہے کہ پوری دنیا میں ہرسال جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس منایا جاتا ہے۔ اسی مناسبت سے رواں ماہ صیام کے آئندہ جمعہ الوداع کےموقع پر ایران سمیت دیگر مسلمان ملکوں میں القدس کا عالمی دن منایا جائے گا۔
تہران میں فلسطینی امور کےتجزیہ نگار صابر گل عنبری نے الشیخ احمد یاسین شہید کے تصویر پوسٹروں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ الشیخ احمد یاسین اور فلسطین کی آزادی کے لیے جدو جہد کرنے والی قیادت کا اہل ایران کے ہاں غیرمعمولی مقام و مرتبہ ہے۔ الشیخ احمد یاسین شہید کی تصاویر نہ صرف مشہد کی شاہراؤں پر آویزاں کی گئی ہیں بلکہ امام حسین کے نواسے امام رضا کے مزار اقدس پربھی موجود ہیں جو فلسطینی رہ نماؤں کی ایرانی قوم کے ہاں قدرو منزل پر دلالت کرتی ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ ایران قوم مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہے۔ قضیہ فلسطین میں تہران حماس کے ساتھ کھڑا ہے اور خطے کے ممالک کی طرف سے حماس پر دباؤ کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا۔