اسرائیلی ذرائع ابلاغ کی طرف سے جاری کردہ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ شب جزیرہ نما النقب میں جاری مشقوں کےدوران ایک کیمپ سے اسرائیلی فوج کے سامان سے بھرے 15 بیگ چوری ہوگئے۔
عبرانی ٹی وی 2 کی رپورٹ کے مطابق بیگوں کی چوری کا واقعہ جزیرہ نما النقب میں ’زالییم‘ نامی فوجی کیمپ میں اس وقت پیش آیا جب فوجی مشقوں میں مصروف تھے۔
ٹی وی رپورٹ میں فوجی ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ بیگ کیمپ میں فائرنگ زون سے غائب ہوئے ہیں۔ ان بیگوں میں رات کودیکھنے والے آلات اور دیگر سامان موجود تھا تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیاان میں آتشیں اسلحہ بھی تھا یا نہیں۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوجی کیمپ سے سامان کی چوری کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ دو ہفتے قبل اسرائیلی فوج نے ’سدیہ تیمان‘ نامی کیمپ سے 33 خود کار رائفلوں کے چوری ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔ اس سے قبل اسی کیمپ سے گذشتہ برس ’لاؤ‘ نامی 13 راکٹ اور ’مٹاڈور‘ نامی 77 بم چوری ہوئے تھے۔
اسرائیلی فوج نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کیمپ سے فوجی سامان کی چوری اور اسلحہ فلسطینی مزاحمت کاروں کے ہاتھ لگ سکتا ہے۔