فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں بلاطہ پناہ گزین کیمپ میں فلسطینی اتھارٹی کی سیکیورٹی فورسز اور نامعلوم مسلح افراد کے درمیان دیر تک جھڑپ جاری رہی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مقامی فلسطینی شہریوں نے بتایا کہ عباس ملیشیا نے بلاطہ پناہ گزین کیمپ میں دو اشتہاریوں کو حراست میں لینے کی کوشش کی۔ عباس ملیشیا کے اہلکار کیمپ میں سول گاڑی میں پہنچے۔ کیمپ میں داخل ہونے کے بعد عباس ملیشیا کے اہلکاروں نے اندھا دھند فائرنگ کی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں شہری خوف و ہراس کا شکار ہوئے اور انہوں نے فائرنگ سے بچنے کے لیے مختلف سمتوں میں فرار ہونے کی کوشش کی۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ دونوں طرف سے ایک دوسرے پر ہلکے اور درمیانے درجے کے ہتھیاروں سے حملہ کیا تھا تاہم اس واقعے میں فریقین میں سے کسی کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔