انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ’ایمنسٹی انٹرنیشنل‘ نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر کی جانب سے خلیجی ریاست قطر کا معاشی گھیراؤ کرنے اور سفارتی بائیکاٹ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ظالمانہ اور غیرمنصفانہ قرار دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ایمنسٹی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ خلیجی ملکوں کی طرف سے قطر کے سفارتی اور اقتصادی بائیکاٹ کا کوئی جواز نہیں۔ سعودی عرب اور اس کے ہم خیال ممالک اپنی پالیسی پر نظر ثانی کریں قطر کا محاصرہ فوری ختم کریں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کی قیادت میں بعض ملکوں کی طرف سے قطر کا بائیکاٹ لاکھوں شہریوں کی زندگیوں سے کھلواڑ، خاندانوں کو تقسیم کرنے، معاشی ذرائع کی تباہی اور تعلیم کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی منظم کوشش ہے۔ عالمی قوانین کی رو سے قطر کے محاصرے کا کوئی آئینی اور قانونی جواز نہیں۔
ایمنسٹی نے اپنے بیان میں قطر کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے فریقین سے انسانی حقوق کا احترام یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں سعودی عرب اور بعض دوسرے عرب ملکوں نے قطر پردہشت گرد تنظیموں کی مالی معاونت کا الزام عاید کرتے ہوئے قطر سے سفارتی تعلقات توڑ لیے تھے۔ اس کے ساتھ متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے بھی قطر پر دہشت گردی کا الزام عاید کرتے ہوئے قطر سے سفارتی تعلقات ختم کردیے تھے۔