سه شنبه 18/مارس/2025

اسرائیلی فوج کی چھاپہ مار کارروائی، حماس رہ نما کا بیٹا گرفتار

بدھ 7-جون-2017

قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں تلاشی کی کارروائی کے دوران اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے مقامی رہ نما کا بیٹا حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق بدھ کو اسرائیلی فورسز نے نابلس میں شاہراہ تل پر واقع حماس کے اسیر رہ نما عدنان عصفور کے گھر پر چھاپہ مارا۔ قابض فوج نے گھر کا محاصرہ کرنے کے بعد اس میں داخل ہو کر اس کی توڑپھوڑ کی۔ بعد ازاں اسیر رہ نما کے بیٹے 21 سالہ محمد عصفور کو حراست میں لے کرنامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

محمد عدنان عصفور نابلس کی جامعہ النجاح کا طالب علم ہے۔ ادھر نابلس میں اسرائیلی فوج کی تلاشی مہم کے دوران فلسطینی شہریوں نے احتجاجی مظاہرے کیے۔ اسرائیلی فورسز نے مظاہرین پر اشک آور گیس کی شیلنگ کی۔

خیال رہے کہ حماس رہ نما 53 سالہ عدنان عصفور کو گذشتہ 14 ماہ سے مسلسل انتظامی حراست کے تحت پابند سلاسل رکھا گیا ہے۔ وہ اب تک 12 سال اسرائیلی جیلوں میں قید کاٹ چکے ہیں۔

 

مختصر لنک:

کاپی