فلسطین میں ایک تھینک ٹینک کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مئی کے مہینے میں اسرائیلی پولیس اور فوج کی فول پروف سیکیورٹی میں 3156 یہودی آباد کاروں نے قبلہ اول کی بے حرمتی کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق القدس اسٹڈی سینٹر کے شعبہ اسرائیلیات کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مئی کے مہینے میں مجموعی طور پر 3156 عبادت کی آڑ میں مسجد اقصیٰ میں داخل ہوئے اور مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔ انمیں 2649 یہودی ااباد کار، 92 فوجی، 26 انٹیلی جنس ایجنسیوں کے افسران، 30 پولیس اہلکار،405 یہودی طلباء، 11 اسرائیلی آثارقدیمہ کے ماہرین اور 33 ہزار 536 عام سیاح قبلہ اول میں داخل ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق مئی کے مہینے کے دوران اسرائیل میں یہودی مذہبی تہواروں کے ساتھ ساتھ بیت المقدس پر قبضے کے 50 سال پورے ہونے کی مناسبت سے بھی تقریبات منعقد کی گئیں۔ اس دوران مذہبی رسومات کی ادائی کی آڑ میں ہزاروں یہودی قبلہ اول میں داخل ہوئے۔
خیال رہے کہ گذشتہ برس مئی میں 850 یہودی مسجد اقصیٰ میں داخل ہوئے تھے۔ یہودی آباد کاروں کے قبلہ اول پر دھاووں کے دوران اسرائیلی فوج اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جاتی رہی ہے۔