فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس پرآج سے 50 برس قبل صہیونی فوج کے ناجائز تسلط کے خلاف سوشل میڈیا پر قابض اسرائیل کے ناجائز تسلط کے خلاف گرما گرم مہم جاری ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق سوشل میڈیا اور دوسرے ذرائع پریہ مہم کل بہ روز ہفتہ 3 جون کو شروع کی گئی۔ یہ مہم پانچ جون 1967ء کو بیت المقدس پر اسرائیل کے ناجائز اور غیرقانونی تسلط کو قومی، علاقائی اور عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے شروع کی گئی ہے۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ’ٹوئٹر‘ پر یہ مہم عربی اور انگریزی دونوںزبانوں میں ایک ساتھ جاری ہے۔ عربی میں ’الاحتلال۔ ھو‘ اور انگریزی میں #Occupationi کے عنوان سے پور زور سے جاری ہے۔ اس مہم میں نہ صرف فلسطین بلکہ عرب دنیا اور عالم اسلام سے سماجی کارکن بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔
مہم کے منتظمین کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد بیت المقدس پر اسرائیل کے غیرقانونی ، غیراخلاقی، غیر انسانی تسلط کو اجاگر کرتے ہوئے قبضے کے نتیجے میں فلسطینیوں کی روز مرہ زندگی پر پڑنے والے اس کے منفی اثرات کو اجاگر کرنا ہے۔
خیال رہے کہ پانچ جون 1967ء کو چھ روزہ عرب۔ اسرائیل جنگ کے دوران قابض صہیونی فوج بیت المقدس میں داخل ہوگئی تھی۔ مشرقی بیت المقدس پر اسرائیلی قبضے کو آج 50 سال مکمل ہوگئے ہیں۔ صہیونی ریاست اس ناجائز تسلط کی خوشی اور جشن کے طور پر بیت المقدس میں ’سلور جوبلی‘ منا رہی ہے جب کہ فلسطینی قوم ’یوم نکسہ‘ کے طور پرہرسال کی طرح صہیونی ریاست کے القدس پر قبضے کے خلاف مہمات اور تقریبات جاری رکھے ہوئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر یہ مہم ایک ایسے وقت میں جاری ہے جب بیت المقدس پر اسرائیلی قبضے کو 50، ارض فلسطین پر صہیونی ریاست کے قیام کو 70 اور فلسطین میں یہودیوں کے قومی وطن کے لئے منظور کردہ ’بالفور ڈکلریشن‘ کو 100 سال ہورہے ہیں۔