اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت نے عالمی سطح پر صہیونی ریاست کے بائیکاٹ کے لیے جاری مہم کو غیرموثر بنانے کے لیے اندرون اور بیرون ملک ایک نئی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عبرانی اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے داخلی سلامتی کے وزیر گیلاد ارڈان کی زیرنگرانی ایک نئی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کے لیے کام کرنے والی ’بی ڈی ایس‘ نامی بین الاقوامی بائیکاٹ مہم کو ناکام بنانے کے لیے اقدامات کرے گی۔ یہ کمیٹی آئندہ اتوار کو انٹرنیٹ پر ایک نئی ویب سائیٹ کا افتتاح کرے گی جس کے ذریعے اسرائیل کے بائیکاٹ کو غیر موثر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ اس کے علاوہ اس مہم کے تحت مختلف موبائل ایپس ایسی تیار کی جا رہی ہیں جنہیں اسمارٹ فونز اور دیگر الیکٹرانک آلات میں استعمال کرتے ہوئے اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کے مطالبے کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ’IL4‘ نامی ویب پورٹل پر اسرائیل کے حامیوں کے لیے دستاویزی فلمیں، خاکے اور مختلف سافٹ ویئر فری فراہم کیے جائیں گے جن کی مدد سے وہ اسرائیلی بائیکاٹ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو غیر موثر بنائیں گے۔
اسرائیلی ویب سائیٹ کی متوازی اسی طرح کی ویب سائیٹ اور اپیلی کیشنز امریکا میں بھی چلائی جائیں گی اور انہیں اسرائیلی بائیکاٹ کرنے والی کمپنیوں تک پہنچایا جائے گا۔