اقوام متحدہ میں امریکی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’یو این‘ میں امریکی خصوصی ایلچی ’نیکی ہالے‘ آئندہ ہفتے اسرائیل کے دورے پر تل ابیب پہنچیں گی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق امریکی ہائی کمیشن کے مطابق نیکی ہالے 7 جون کو اسرائیل کےدورے پرآئیں گے جہاں وہ صہیونی قیادت سے تفصیل کے ساتھ بات چیت کریں گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سات سے نو جون تک جاری رہنے والے اس دورے میں وہ اسرائیلی قیادت سے ملاقات کے ساتھ ساتھ فلسطینی اتھارٹی کے رہ نماؤں سے بھی ملاقات کریں گی۔
قبل ازیں چھ جون کو نیکی ہالے جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کے اجلاس سے بھی خطاب کریں گی۔
خیال رہے کہ اقوام متحدہ میں امریکا کی مندوبہ نیکی ہالے ایک ماہ قبل اسرائیل کی حمایت میں بیان دے چکی ہیں۔ انہوں نے نیویارک میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ اسرائیل کی قیمت پر فلسطینیوں کی غیرمسبوق طرف داری کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا فلسطین اور اسرائیل دو ریاستی حل کا حامی ہے مگر اس ضمن میں فریقین میں سے کسی پر کوئی حل تھوپنا نہیں چاہتا۔ خطے میں دیر پا قیام امن اور استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔