اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے باور کرایا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے وضع کردہ انتخابی ضابطہ کار اور قانون کو کھیل تماشا بنائے رکھے جانے تک جماعت غزہ کی پٹی میں بلدیاتی انتخابات کی کوئی تجویز قبول نہیں کرے گی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں کہا کہ فلسطینی اتھارٹی اور رام اللہ حکومت کو پہلے ماوارئے قانون قائم کردہ عدالتوں کو ختم کرنا ہوگا۔ جب تک نام نہاد انتخابی قوانین کو ختم نہیں کیا جاتا حماس غزہ میں انتخابات قبول نہیں کرے گی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ فلسطینی مرکزی الیکشن کمیشن قانون کے احترام کے اپنے سابقہ عہد وپیمان پر پورا نہیں اتر سکا ہے۔ غزہ اور غرب اردن میں فلسطینی خصوصی سیکیورٹی اختیارات اور مقامی عدالتوں کے حوالے سے فلسطینی الیکشن کمیشن کا کردار سوالیہ نشان بن گیا ہے۔
خیال رہے کہ فلسطینی الیکشن کمیشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کمیشن غزہ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے حماس کے ساتھ بات چیت پر تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی کے بغیر صرف غرب اردن میں بلدیاتی انتخابات نامکمل ہیں۔