عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ یمن میں ہیضہ کی وباء نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور ایک ماہ کے دوران اب تک 500 کے قریب افراد اس وباء سے لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یمن میں گذشتہ ایک ماہ کے دوران ہیضہ کی وباء سے 473 افراد کی اموات کی تصدیق کی جا چکی ہے۔بہت سے افراد کی موت ہیضہ سے ہونے کے باوجود اس کا اندراج نہیں کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ27 اپریل سے اب تک 52 ہزار افراد میں ہیضے کی بیماری کی تصدیق ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ جنگ زدہ یمن میں ہیضے کی وباء مقامی آبادی کے لیے ایک نیا عذاب بن کر نازل ہوئی ہے۔ حوثی باغیوں اور سابق مںحرف صدر علی عبداللہ صالح کے زیرکنٹرول علاقوں میں ہیضے کی روک تھام کے لیے بنیادی طبی سہولیات مہیا نہیں کی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گذشتہ دو روز کے دوران 13 ہزار افراد میں ہیضے کی تشخیص کی گئی ہے۔ یہ تعداد یمن کے 19 اضلاع میں بتائی گئی ہے۔ 42 ہزار شہری ان کے سوا ہیں جن میں پہلے ہی ہیضے کی تشخیص ہوچکی ہے۔