فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں اسلامی جہاد کے زیراہتمام اسرائیلی جیلوں میں پابند سلاسل فلسطینی بھوک ہڑتالی اسیران کی کامیاب ہڑتال کی خوشی میں ایک مظاہرے کا اہتمام کیا گیا۔ مظاہرے میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ روز غزہ کی پٹی میں اسیر رہ نما ھسن سلامہ کے گھر کے باہر بڑی تعداد میں شہریوں نے جمع ہو کر اسیران کی کامیاب اجتماعی بھوک ہڑتال کا جشن منایا۔
اس موقع پر اسلامی جہاد کے قایدین نے تقاریر میں اسیران کی اجتماعی بھوک ہڑتال کے دوران ان کے عزم و استقلال کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھوک ہڑتالی اسیران نے 41 دن تک مسلسل بھوکا پیاسا رہ کر اپنے بنیادی مطالبات تسلیم کرائے ہیں۔ یہ نہ صرف اسیران بلکہ پوری فلسطینی قوم کی فتح ونصرت ہے۔
اسلامی جہاد کے رہ نما الشیخ درویش الغرابلی نے کہا کہ ہم سب اور اسیران کی طرف سے عرب ممالک کی قیادت کو یہ پیغام پہنچایا گیا ہے کہ اسرائیلی دشمن اور اس کے پشتیبان ڈونلڈ ٹرمپ سے راہ و رسم بڑھانے سےمسائل حل نہیں ہوں گے۔
الغرابلی نے فلسطینی اسیران کے معاملے میں فلسطینی اتھارٹی اور عرب ممالک کی قیادت کی طرف سے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کرنے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جیلوں میں سیکڑوں فلسطینی اسیران مسلسل بھوک ہڑتال کے باعث نڈھال تھے اور عرب ممالک کی قیادت ڈونلڈ ٹرمپ کے راستے میں پھول نچھاور کرنے اور سرخ قالینوں سے اس کا استقبال کرنے میں محو تھی۔ فلسطینی اسیران کی اجتماعی بھوک ہڑتال کا کسی کو احساس تک نہیں تھا۔