فلسطین میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ایک گروپ نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غرب اردن کے علاقوں میں حال ہی میں تعمیراتی مقاصد کے لیے جاری کردہ ٹینڈر منسوخ کرے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیم ’مرکز برائے العدالہ‘ کی جان سے اسرائیلی لینڈ اتھارٹی، وزیر برائے ہائوسنگ و یہودی آباد کاری موشے کحلون اور اسرائیلی حکومت کے قانونی مشیر کو مکتوب ارسال کیا گیا ہے جس میں عدالت سے کہا گیا ہے کہ وہ غرب اردن میں فلسطینی اراضی میں تعمیرات کے لیے ’لینڈ مارکیٹنگ‘ ٹینڈر منسوخ کریں۔
خیال رہے کہ اسرائیل کے محکمہ اراضی کی طرف سے 2016ء اور 2017ء کے دوران یہودی کالونیوں جیعات زئیو، معالیہ ادومیم، الفی منشہ، ارئیل، بیتار عیللیت، کرنیہ شومران ارونیت اور دیگر مقامات پر تعمیرات کے لیے بڑی تعداد میں ٹینڈر جاری کیے تھے۔
مرکزالعدالہ کے شعبہ اراضی ومنصوبہ کی خاتون مندوب سھاد بشارہ نے ایک بیان میں بتایا کہ تنظیم کی طرف سے اسرائیل کے لینڈ تھارٹی کے حکام کو مکتوب ارسال کیا گیا ہے جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اسرائیلی ریاست کی ملکیت قرار دیے گئے علاقوں میں لینڈ مارکیٹنگ کے لیے جاری کردہ ٹینڈر منسوخ کریں، کیونکہ غرب اردن میں جن علاقوں میں تعمیرات کے لیے ٹٰینڈر جاری کیے گئے ہیں وہ متنازع علاقے قرار دیے گئے ہیں۔