جمعه 15/نوامبر/2024

محمد مرسی کا اہل خانہ سے ملاقات سے محرومی کا پانچواں رمضان

پیر 29-مئی-2017

مصر کے فوج کے ہاتھوں سنہ 2013ء میں معزول کیے گئے پہلے منتخب صدر محمد مرسی کے اہل خانہ نے شکایت کی ہے کہ جب سے محمد مرسی کو معزول کر کے جیل میں ڈالا گیا، خاندان کا کوئی فرد ان سے ملاقات نہیں کرسکا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق معزول صدر محمد مرسی کے اہل کانہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان مقامی اخبارات میں شائع ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ معزول صدر کا خاندان حکومت کی طرف سے محمد مرسی سے ملاقات کی اجازت کا منتظر ہے مگر پچھلے پانچ سال کے دوران ایک بار بھی ان کی محمد مرسی سے ملاقات نہیں کرائی گئی۔ یوں محمد مرسی اور ان کے اہل خانہ کے درمیان ہونے والی ملاقات کو پانچ ماہ رمضان گذر چکے ہیں۔

خیال رہے کہ صدر محمد مرسی کو مصری فوج نے جولائی 2013ء کو اقتدار سے برطرف کرنے کے بعد حراست میں لے لیا تھا۔ اس کے بعد ان کی جماعت اخوان المسلمون کے خلاف بھی وحشیانہ کریک ڈاؤن کیا گیا جس کے نتیجے میں جماعت کے ہزاروں کارکنوں اور رہ نماؤں کو پابند سلاسل کیا گیا۔ ان کے خلاف نام نہاد فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے گئے۔ محمد مرسی کے خلاف بھی کئی مقدمات زیرسماعت ہیں اور بعض مقدمات میں انہیں قید کی سزائیں بھی سنائی جا چکی ہیں۔ ان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ نومبر2013ء کے بعد وہ محمد مرسی کو نہیں دیکھ سکے۔ نہ ہی جیل میں ان سے ملاقات کی اجازت دی گئی ہے۔ ان کے بارے میں کسی قسم کی معلومات نہیں کہ آیا انہیں کھانا پانی بھی مہیا کیا جاتا ہے یا نہیں اور ان کی صحت کیسی ہے؟۔

مختصر لنک:

کاپی