فلسطین کی سپریم علماء کونسل کے چیئرمین اور مسجد اقصیٰ کے خطیب الشیخ عکرمہ صبری نے فلسطینی قوم پر زور دیا ہے کہ وہ رمضان المبارک کے دوران قبلہ اول سے اپنا تعلق مضبوط بنانے کے لیے رحت سفر باندھ لیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق الشیخ عکرمہ صبری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مسجد اقصیٰ سے تعلق مضبوط کرنا تمام مسلمانوں پر واجب ہے۔ یہ تعلق وہاں پر نمازوں کی ادائی، تراویح قیام اللیل، تہجد اور اعتکاف کی شکل میں مضبوط ہوگا۔ فلسطینی شہری مسجد اقصیٰ میں علماء کے علمی دروس میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنا زیادہ سے زیادہ وقت قبلہ اول کے لیے وقف کریں۔ فقہی مسائل سے متعلق علماء کی علمی مجالس میں شرکت کریں، عقاید، عبادات اور اخلاق سیکھنے کا رمضان المبارک سے بہتر کوئی موقع نہیں۔
الشیخ عکرمہ صبری نے کہا کہ فلسطین میں رمضان المبار کے احترام میں دن کو کیفے، ہوٹل اور ریستوران بند ہوتے ہیں مگر قبلہ اول کے دروازے ہمہ وقت فلسطینی قوم کے لیے کھلے ہیں۔ انہوں نے فلسطینی شہریوں پر زور دیا کہ وہ اسراف اور بخل دونوں سے پرہیز کریں اور میانہ روی اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ ضرورت مندوں اور بے سہارا افراد کو ماہ صیام میں ہرممکن سہارا فراہم کریں۔
الشیخ عکرمہ صبری نے ماہ صیام کے دوران ناجائز منافع خوری کرنے والے تاجروں کو خبردار کیا اور کہا کہ وہ مناسب منافع سے زیادہ نہ کمائیں۔ اپنے مال میں زکواۃ اور صدقات کا اہتمام کریں اور معاشرےکے بے وسیلہ افراد کی مدد کریں۔