یکشنبه 17/نوامبر/2024

اسیران کی اجتماعی بھوک ہڑتال کا باوقار اختتام اتحاد کا ثمر ہے:حماس

اتوار 28-مئی-2017

اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے اکتالیس روز تک مسلسل بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی اسیران اور پوری قوم کو ہڑتال کے باعزت اختتام پر مبارک باد پیش کی ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ اسیران نے اپنی اجتماعی بھوک ہڑتال کے ذریعے دشمن سے اپنے مطالبات منوالیے ہیں۔ ایسا صرف اسیران کی صفوں اتحاد اور یکجہتی کی بناء پر ممکن ہوا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے ایک بیان میں کہا کہ ہمارے بہادر اور دلیراسیران نے غیرمعمولی استقامت اور استقلال کا مظاہرہ کرکے اسرائیلی انتظامیہ کو اپنے مطالبات منوانے پرمجبور کیا۔ یہ سب فلسطینی اسیران کی اجتماعیت اور ان کے اتحاد کا ثمر ہے۔ اگر فلسطینی اسیران اپنی صفوں میں اتحاد کا مظاہرہ نہ کرتے تو دشمن ان کے جائز اور منصفانہ حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے پرمجبور نہ ہوتا۔

حماس نے فلسطینیی اسیران کی اجتماعی بھوک ہڑتال کی باعزت کامیابی کو حق کی فتح اور باطل اور ظلم کی شکست قرار دیا۔ ترجمان نے کہا کہ اگر فلسطینی قوم اسی طرح کی یکجہتی کا مظاہرہ کرے تو وہ ہرمیدان میں دشمن کے خلاف فتح و نصرت کےجھنڈے گاڑ سکتی ہے۔

خیال رہے کہ اسرائیلی جیلوں میں ڈیڑھ ہزار سے زاید فلسطینی اسیران نے گذشتہ اکتالیس دن سے مسلسل بھوک ہڑتال کی تھی۔ کل ہفتے کو اسرائیلی انتظامیہ نے اسیران کے نمائندوں سے مذاکرات کیے۔ طویل مذاکرات کے بعد اسیران نے بھوک ہڑتال مطالبات پورے ہونے کی یقین دہانی کے بعد معطل کردی تھی۔

مختصر لنک:

کاپی