اسرائیلی فوج اور پولیس کی جانب سے نام نہاد سیکیورٹی انتظامات کی آڑ میں بیت المقدس میں کھڑی کی گئی رکاوٹوں کے باوجود 50 ہزار فلسطینی مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کی ادائی کی سعادت حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
مرکزاطلاعات فسطین کے مطابق مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کی امامت وخطابت کے فرائض الشیخ محمد سلیم نے انجام دیے۔ انہوں نے خطبہ جمعہ میں ماہ صیام کی فضلیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ماہ صیام کی آمد پرپورے عالم اسلام بالخصوص فلسطینی قوم کو مبارک باد پیش کی۔ الشیخ محمد سلیم نے کہا کہ 50 سال سے فلسطینی قوم آزادی کے ساتھ مسجد اقصیٰ میں سجدہ شکر ادا نہیں کرسکی ہے۔
فلسطینی عالم دین نے اسرائیلی جیلوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینیوں کے ساتھ بھی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی اسیران اپنی آزادی اور وقار کے لیے بھوک اور پیاس کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ الشیخ محمد سلیم نے فلسطینی قوم، سیاسی اور مذہبی جماعتوں اور فلسطینی حکومت پر زور دیا کہ وہ بھوک ہڑتالی فلسطینی اسیران کی نصرت کے لیے ہرسطح پر تحریک چلائیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق کل نماز جمعہ سے قبل اسرائیلی فوج اور پولیس نے مسجد اقصیٰ کی طرف آنے والے تمام راستوں کی ناکہ بندی کرکے نمازیوں کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رکھی تھیں تاہم اس کے باوجود غرب رادن، بیت المقدس اور شمالی فلسطین سے ہزاروں فلسطینی نماز جمعہ قبلہ اول میں ادا کرنے میں کامیاب رہے۔