اسرائیلی فوج کی جانب سے تین روز قبل غرب اردن کے شہر طولکرم میں نتانیا کے مقام پر زخمی ہونے والا فلسطینی فدائی حملہ آور مہند ابو سفاقہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق 45 سالہ ابو سفاقہ کو تین روز قبل اسرائیلی فوج نے نتانیا کے مقام پر اس وقت گولیاں مار کر زخمی کردیا تھا جب اس نے ایک اسرائیلی پولیس اہلکار پر چاقو سے حملہ کرکے اسے زخمی کردیا تھا۔
فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں زخمی فلسطینی ابو سفاقہ کی شہادت کی تصدیق کی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ مہند ابو سفاقہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے کے دو روز بعد کل جمعرات کی شام اسپتال میں دم توڑ گئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ابو سفاقہ کو اسرائیلی فوج نے پولیس اہلکار پر چاقو حملے کے بعد گولیاں مار کر زخمی کردیا تھا جس کے بعد اسے زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا تھا۔ ابو سفاقہ کی شہادت کے بعد یکم اکتوبر 2015ء کے بعد سے جاری تحریک انتفاضہ القدس میں اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 315 ہوگئی ہے۔