شنبه 16/نوامبر/2024

دبئی میں روبوٹ پولیس اہلکار کی شمولیت کا باقاعدہ اعلان

بدھ 24-مئی-2017

دبئی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ اُس کی فورس میں دنیا کا پہلا روبوٹ پولیس اہل کار شامل کر لیا گیا ہے۔ امتیازی خصوصیات کا حامل یہ روبوٹ ویزوں ، طبی انشورنس اور طویل تربیت کا متقاضی نہیں ہوگا۔ یہ خود کے سپرد کی جانے والی ذمے داری کو انجام دینے اور دبئی کی شاہراہوں پر شہریوں اور لاکھوں سیاحوں کے ساتھ تعاون کے لیے ہمہ وقت تیار ہو گا۔ نئے مشینی اہل کار کی پولیس فورس میں شمولیت کے موقع پر روبوٹ پولیس مین نے تقریب کے حاضرین کو سلامی دی۔ تقریب میں دبئی پولیس اور جنرل سکیورٹی کے نائب سربراہ لیفٹننٹ جنرل ضاحی خلفان تمیم بھی موجود تھے۔

اماراتی ذرائع ابلاغ کے مطابق سڑکوں پر گشت کے دوران مصنوعی ذہانت کا حامل روبوٹ چہروں کو پہچاننے کے لیے خصوصی سافٹ ویئر پروگرام کو استعمال کرے گا تا کہ مجرموں اور مطلوب افراد کی شناخت اور ان کو پکڑنے میں پولیس افسران کی مدد کر سکے۔

دبئی پولیس میں اسمارٹ سروسز کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر جنرل خالد ناصر الرزوقی "اس روبوٹ پولیس اہل کار کو خصوصی طور پر دبئی ایئرپورٹ ، سیاحتی مقامات ، بڑے شاپنگ مالز اور شاہراہوں پر لوگوں کو معاونت پیش کرنے کے مقصد سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ پولیس میں پہلے خود کار پولیس اہل کار کی شمولیت آگے بڑھنے کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے”۔

روبوٹ میں نصب ٹیبلٹ ڈیوائس کے ذریعے عوام پولیس کی اسمارٹ سروسز سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ روبوٹ عربی اور انگریزی سمیت چھ زبانوں میں گفتگو کر سکتا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی