فلسطین میں کل سوموار کے روز اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کے خلاف اور اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی بھوک ہڑتالی اسیران کی حمایت میں نکالی گئی ریلیوں پر اسرائیلی فوج نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور 100 سے زاید زخمی ہوگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ روز فلسطین بھر میں اسیران کی حمایت میں شٹرڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی گئی۔ اس موقع پر تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز بھی بند رہے۔
بھوک ہڑتالی اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ہزاروں فلسطینی غرب اردن کے شہروں ، بیت المقدس، اندورن فلسطین اور غزہ میں سڑکوں پر نکلے۔ صہیونی ریاست کی دہشت گردی اور اسیران کے خلاف انتقامی کارروائیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
اسرائیلی فوج نے فلسطینی مظاہرین کو منشتر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا، آنسویگ کی شیلنگ کی اور دھاتی گولیوں سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں بیسیوں فلسطینی شدید زخمی ہوئے۔
دریائے اردن کے مغربی کنارے کے کئی شہروں اور بیت المقدس میں یہودی کالونیوں اور فلسطینی آبادیوں کو باہم ملانے والے مقامات [نقاط تماس] میں فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج میں تصادم بھی ہوا۔ فلسطینی شہریوں نے قابض فوج پر سنگ باری کی۔ جواب میں قابض فورسز نے مظاہرین پر لاٹھیاں برسائیں اور آنسوگیس کی شیلنگ کی۔
ہلال احمر فلسطین کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں رام اللہ، نابلس، الخلیل، طولکر اور بیت لحم میں جگہ جگہ فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج میں تصادم ہوا جس میں دسیوں فلسطینیوں کوشدید زخمی کیا گیا۔
ادھر فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر بیت لحم کے قریب سوموار کی شام کو اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے ایک فلسطینی نوجوان کو شہید کردیا۔
اسرائیلی پولیس کی خاتون ترجمان لوبا السمری نے حسب معمول یہ دعویٰ کیا ہے کہ فلسطینی نوجوان کو اس وقت گولی ماری گئی جب وہ چاقو لہراتا ہوا فوجیوں کی طرف بڑھنے لگا۔
فلسطینی نوجوان کی شہادت کا یہ واقعہ غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم کے قریب ابو دیس کے مقام پر پیش آیا۔ اسرائیلی پولیس کی خاتون ترجمان کے مطابق ایک مشتبہ فلسطینی حملہ آور چاقو لہراتا ہوا ابو دیس میں اسرائیلی فوجیوں کی طرف بڑھنے لگا تو فوجیوں نے اس سےخطرہ محسوس کرتے ہوئے اس پر گولی چلادی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوا۔ کچھ دیر بعد اس کی موت کی تصدیق کردی گئی تھی۔ شہید فلسطینی نوجوان کی عمر 16 سال بیان کی ہے۔
ترجمان کے مطابق فوج کی فائرنگ سے قتل ہونے والاف فلسطینی ایک کم عمر لڑکا ہے۔ تاہم اس کے چاقو کے حملے سے کوئی اسرائیلی فوجی زخمی نہیں۔ فلسطینی ہلال احمر نے بھی اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔