چهارشنبه 30/آوریل/2025

آنسوگیس کا گولہ پھٹنے سے سات سالہ فلسطینی بچہ شدید زخمی

پیر 22-مئی-2017

فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ صہیونی فوج کی جانب سے داغا گیا آنسوگیس کا ایک شیل اسکول کے احاطے میں جا گرا جس کے نتیجے میں ایک 7 سالہ فلسطینی بچہ شدید زخمی ہوا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں الخضر کے مقام پر فلسطین مظاہرین کے خلاف آنسوگیس کی اندھا دھند شیلنگ کی۔ اس دوران متعدد شیل ایک اسکول کے احاطے میں جا گرے جس کے نتیجے میں سات سالہ بچہ حسن احمد عیسیٰ شدید زخمی ہوگیا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ آنسوگیس کا شیل حسن احمد عیسیٰ کے سرمیں لگا جس کے نتیجے اس کا سر اور چہرہ بری طرح جھلس گیا ہے۔

زخمی بچے کو ایک مقامی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ  بچے کے آنسوگیس شیل سے زخمی ہونے کے بعد اسکولوں کے طلباء احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔ صہیونی فوج نے الخضر قصبے میں احتجاج کرنے والے اسکولوں کے طلباء پر بھی آنسوگیس کی شیلنگ کی اور ان پر لاٹھی چارج کیا۔

فلسطینی ہلال احمر کا کہنا ہے کہ آنسوگیس شیل فلسطینی بچے کے سر کے عقبی حصے پر لگا ہے جس کے نتیجے میں دماغ پر گہری چوٹ لگی ہے۔ آخری اطلاعات تک بچہ مسلسل بے ہوش تھا۔

مختصر لنک:

کاپی