چهارشنبه 30/آوریل/2025

پرامن فلسطینی ریلی پرآنسوگیس کی بارش،22 مظاہرین زخمی

پیر 22-مئی-2017

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے اریحا میں فلسطینی اسیران کی حمایت میں نکالی گئی ایک ریلی پر اسرائیلی فوج نے آنسوگیس کی وحشیانہ شیلنگ کی جس کے نتیجے میں کم سے کم 22 فلسطینی مظاہرین زخمی اور بے ہوش ہوگئے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ہلال احمر فلسطین کا کہنا ہے کہ اریحا شہر کے شمالی داخلی راستے پر سیکڑوں فلسطینیوں نے اسرائیلی جیلوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے اسیران کی حمایت میں ریلی نکالی۔ اسرائیلی فوج نے پرامن فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر آنسوگیس کی بوچھاڑ کردی جس کےنتیجے میں کم سے کم بائیس مظاہرین زخمی ہوئے ہیں۔

ہلال احمرکا کہنا ہے کہ صہیونی فوج نے نہتے مظاہرین پر نہ صرف آنسوگیس کی شیلنگ کی بلکہ ان پر ربڑ کے خول میں لپٹی دھاتی گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں 14 شہری زخمی ہوئے۔

امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ قابض صہیونی فورسز نے ایک ایمبولینس پر بھی اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایمبولینس کو نقصان پہنچا تاہم طبی عملے کے کسی کارکن کے زخمی ہونے کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے نہتے مظاہرین پر آنسوگیس کی شیلنگ اور ربڑ کی گولیوں کی بوچھاڑ کےبعد مظاہرین مشتعل ہوگئے۔ انہوں نے صہیونی فوج پر سنگ باری کی۔ قابض فوج نے کئی مظاہرین کو پکڑ کر سڑکوں پر گھیسٹا اور متعدد نوجوانوں کو سنگ باری کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا۔

قبل ازیں بیت لحم میں اسرائیلی فوج کی آنسوگیس کی شیلنگ سے ایک سات سالہ بچہ زخمی ہوگیا تھا۔

مختصر لنک:

کاپی