چهارشنبه 30/آوریل/2025

’غزہ میں انسانی بحران کے حل کے لیے قطر نے جامع پلان تیار کر لیا‘

پیر 22-مئی-2017

اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ خلیجی ریاست قطر نے غزہ کی پٹی کے عوام کو درپیش انسانی بحران کے حل کے لیے ایک جامع اور ہمہ جہت پروگرام تیار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ قطر کے تعاون سے غزہ کےعوام کو گذشتہ دس سال سے درپیش محاصرے کے عذاب سے نجات دلانے میں مدد ملے گی۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسماعیل ھنیہ نے ان خیالات کا اظہار غزہ میں قطر کی طرف سے قائم کردہ بحالی وتعمیر نو کمیٹی کے ہیڈ کواٹر کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے قطری حکومت اور امیر قطر کی طرف سے غزہ کے عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے دی جانے والی امداد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کے عوام گذشتہ دس برسوں سے صہیونی ریاست کی طرف سے مسلط کی گئی معاشی پابندیوں اور ناکہ بندیوں کا صبر اور عزم کے ساتھ سامنا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کے عوام قطری بھائیوں کے تہہ دل سے شکر گذار ہیں جنہوں نےمحصورین غزہ کی مشکل حالات میں ہرممکن مدد کی ہے۔

اس موقع پر غزہ کے لیے قائم کردہ قطری کمیٹی کے چیئرمین محمد العمادی نےخبردار کیا کہ غزہ کی پٹی میں جاری انسانی بحران بد سے بدتر کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قطر اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر غزہ کی پٹی کے عوام کے مسائل بالخصوص بجلی کے بحران کےحل اور دیگر منصوبوں پر کام کررہا ہے۔

اس موقع پر قطری سفیر نے غزہ کی پٹی میں تعمیر نو اور بحالی کے 12 ملین ڈالر کے نئے منصوبوں کا اعلان کیا۔

مختصر لنک:

کاپی