اسرائیلی جیلوں میں گذشتہ 36 روز سے اپنے آئینی حقوق کے حصول کے لیے مسلسل بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آج سوموار کو ملک بھر میں پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی انسانی حقوق کی تنظیموں پر آج ہڑتال کی کال دی گئی تھی جس کے بعد غزہ کی پٹی، مقبوضہ مغربی کنارے کے تمام شہروں، مقبوضہ بیت المقدس اور اندرون فلسطین کے شہروں میں مکمل پہیہ جام اور شٹرڈاؤن ہے۔ سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے۔ تمام بڑے اور چھوٹے شہروں میں کاروباری اور تعلیمی مراکز بند ہیں۔
قبل ازیں فلسطینی اسیران کے دفاع کے لیے کام کرنے والی قومی کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ آج سوموار کے روز اسرائیلی جیلوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے بھائیوں کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کے لیے ملک بھرمیں ہڑتال کی جائے گی۔ اس موقع پر تعلیمی ادارے، کاروباری مراکز اور سڑکوں پر ٹریفک بند رہے گی۔
ہڑتال کے ساتھ ساتھ شہروں میں اسیران کی حمایت میں ریلیاں اور مظاہرے منعقد کیے جائیں گے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگاروں کے مطابق مقامی وقت کے مطابق دن 11 بجے سے فلسطینی شہروں میں اسیران کی حمایت میں ریلیوں کا انعقاد شروع ہوگیا ہے۔
اسیران کی ہڑتال فالو کرنے والی کمیٹی کا کہنا ہے کہ اندرون فلسطین میں ہنگامی طبی مراکز کے سوا باقی تمام ادارے بند ہیں۔ اسکولوں میں آج عام تعطیل کی گئی ہے جب کہ تمام چھوٹے اور بڑے شہروں میں کاروباری سرگرمیاں بند ہیں۔
خیال رہے کہ اسرائیلی جیلوں میں گذشتہ 36 روز سے 2000 سے زاید فلسطینی مسلسل بھوک ہڑتال کررہےہیں۔ ایک ماہ سے زاید عرصہ گذر جانے کے باوجود اسیران اپنے مطالبات پر پرعزم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بھوک ہڑتال کو اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ گذشتہ روز مزید 200 فلسطینی اجتماعی بھوک ہڑتال میں شامل ہوگئے ہیں۔
دسیوں فلسطینی بھوک ہڑتالی اسیران کو خرابی صحت کے بعد فیلڈ اسپتالوں میں لایا گیا ہے۔