اٹلی میں ایک شخص نے خود کشی کی دھمکی دی جس کے بعد پولیس نے اس کے ساتھ 22 گھنٹے مذاکرات کیے اور اسے خود کشی سے بچانے کی کوشش کی۔ آخر کار خود کشی کا ارادہ کرنے والے شخص نے کہا کہ اسے کافی کا ایک کپ دیا جائے تو وہ خود کشی کا ارادہ ترک کردے گا۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق 52 سالہ اطالوی فرنانڈو نے اپنے گھر میں موجود تمام سامان اور فرنیچر اٹھا کر باہر پھینکا۔ اس نے کہا کہ وہ بہ طور احتجاج ایسا کررہا ہے کیونکہ اس نے کئی بار پولیس کو رپورٹ دی کہ ملک میں سرگرم ایک جرائم پیشہ گروہ اسے دھمکیاں دے رہا ہے۔ مگر پولیس نے اس کی رپورٹ پر کان نہیں دھرے۔ اس نے کہا کہ وہ سامان باہر پھینک کر خود کشی کرے گا۔ یہ خبر جیسے ہی پولیس کو پہنچی تو اس نے فرنانڈو کے مکان کا محاصرہ کرلیا۔ پولیس نے 22 گھنٹے مسلسل اس کےساتھ مذاکرات کیے اور خود کشی کا فیصلہ واپس لینے کی کوشش کی۔ آخر کار ملزم نے عجیب شرط پر خود کشی کا فیصلہ ترک کرنے کا فیصلہ کیا اور مطالبہ کیا کہ اسے کافی کا ایک کپ دے دیا جائے تو وہ خود کشی نہیں کرے گا۔ پولیس نے کافی کی ایک پیالی اسے پیش کی جس کے بعد اس نے کمرے کا دروازہ کھول دیا۔