اسرائیلی پولیس نے مقبوضہ بیت المقدس کے شمالی علاقے قلندیا میں قلندیا پناہ گزین کیمپ کے قریب سے ایک 14 سالہ فلسطینی بچی کو اسکول سے گھر لوٹے ہوئے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا ہے۔
سوشل میڈیا پر فلسطینی بچی کی گرفتاری کی ایک فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسرائیلی پولیس اہلکار ایک معصوم بچی کی طرف اسلحہ تانے بڑھ رہے ہیں۔ بچی خوف سے سہمی ہوئی ہے۔ اس نے اپنا اسکول بیگ بھی اٹھا رکھا ہے۔ اس دوران قریب سے لوگوں کی چیخ پکار بھی سنائی دیتی ہے جو اسرائیلی فوج سے بچی کو گولی نہ مارنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔
بعد میں قابض فوج نے بچی کو حراست میں لینےکے کر فوجی گاڑی میں ڈالا اور نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ بچی کی مزید شناخت نہیں ہوسکی۔
اسرائیلی پولیس نے حسب روایت دعویٰ کیا ہے کہ چودہ سالہ بچی کے ہاتھ میں چاقو تھا اور وہ مسلح اسرائیلی فوجیوں پر چاقو سے حملہ کرنا چاہتی تھی۔
ہفتے کے روز پرانے بیت المقدس سے اسرائیلی پولیس نے ایک فلسطینی نوجوان محمد عوض کو بھی چاقو سے حملے کی منصوبہ بندی کے شبے میں گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کیا ہے۔