چهارشنبه 30/آوریل/2025

القسام کمانڈر کے قاتلوں کا روزانہ کی بنیاد پر فوجی عدالت میں ٹرائل

بدھ 17-مئی-2017

فلسطینی داخلہ و  وزارت نیشنل سیکیورٹی  کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے کمانڈر مازن فقہاء کے قاتلوں کے ٹرائل کے لیے فوجی عدالت کا خصوصی بنچ تشکیل دیا گیا ہے جو روزانہ کی بنیاد پراس کیس کی سماعت کرے گا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شہید مازن فقہا کے قتل میں ملوث ملزم کا گذشتہ تین روز سے ٹرائل جاری ہے۔ ملزم کو جلد از جلد سزا دینے کے لیے فوجی عدالت روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرے گی۔

وزارت داخلہ کے ترجمان ایاد البزم نے بتایا کہ مازن فقہاء کے قتل میں ملوث تینوں ملزمان کو حراست میں لیا گیا ہے اور انہیں روزانہ کی بنیاد پر عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے۔ جب تک تمام ملزمان کو سزا نہیں سنائی جاتی تب تک عدالت یومیہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت کرے گی۔

فلسطینی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ پولیس نے 45 مبینہ جاسوس گرفتار کیے ہیں۔ انہوں نے دوران تفتیش صہیونی فوج کے ساتھ تعاون اور دشمن کو معلومات فراہم کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ ان میں سے تین ملزمان نے مازن فقہا کے قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ مازن فقہا کے قتل میں ملوث ملزمان اور دشمن کے دوسرے ایجنٹوں کے بارے میں جلد ہی قوم کو آگاہ کیا جائے گا۔

فلسطینی سیکرٹری داخلہ توفیق ابو نعیم کا کہنا ہے کہ مازن فقہا کی شہادت کے واقعے کے بعد پولیس نے بڑے پیمانے پر دشمن کے ساتھ تعاون کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی شروع کی تھی۔ اس دوران دشمن کے 45 ایجنٹوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اتنی بڑی تعداد میں ایجنٹوں کی گرفتاری اسرائیلی سیکیورٹی سسٹم پر کاری ضرب ہے۔

خیال رہے کہ چند ماہ قبل غزہ کی پٹی میں نامعلوم نشانہ بازوں نے حماس کے عسکری کمانڈر مازن فقہا کو گولیاں مار کر شہید کردیا تھا۔ حال ہی میں حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے مازن فقہاء کے قاتلوں کو پکڑنے کا دعویٰ کیا تھا

مختصر لنک:

کاپی