جمعه 15/نوامبر/2024

غرب اردن میں ’یوم النکبہ‘ کی یاد میں عظیم الشان جلوس اور مظاہرے

منگل 16-مئی-2017

فلسطین میں صہیونی ریاست کے قیام کی یاد میں کل 15 مئی کو فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے، جلوسے جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں جن میں ہزاروں فلسطینی شہریوں نے بڑھ چڑھ کر شرکت کی۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی سیاسی اور سماجی تنظیموں کی اپیل پر غرب اردن میں ’یوم نکبہ‘ کی مناسبت سے احتجاجی مظاہرے اور جلوس نکالے گئے۔

غرب اردن کےشہروں نابلس، بیت لحم، جنین، سلفیت، رام اللہ اور الخلیل میں بڑے بڑے احتجاجی جلوس نکالے گئے جن میں فلسطینی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں شاہراہ فیصل پر ’حق واپسی‘ کے عنوان سے ایک بڑا جلوس نکالا گیا جس میں ہزاروں شہریوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم، بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر سنہ 1948ء کے دوران قابض صہیونی ریاست کے قبضے میں چلے جانے والے شہروں کے نام تحریر کیے گئے تھے۔ شہریوں  نے ہاتھوں میں علامتی چابیاں اٹھا رکھی تھیں، جو فلسطینی پناہ گزینوں کی حق واپسی کی علامت سمجھی جاتی ہیں۔

شاہراہ فیصل پر ہونے والے مارچ میں شریک شہری شہداء گراؤنڈ میں جمع ہوئے جہاں تحریک فتح کے مرکزی کمیٹی کے رکن احمد مجدلانی اور محمد العالول سمیت دیگر فلسطینی قایدین نےخطاب کیا۔

مقررین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینیوں کے حق واپسی کو یقینی بنانے اور فلسطین پر اسرائیل کا ناجائز قبضہ ختم کرانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔

فلسطین کےدوسرے شہروں جنین، بیت لحم، رام اللہ ، الخلیل اور دیگر مقامات پر بھی فلسطین پر اسرائیلی قبضے کے 69 برس مکمل ہونےکی مناسبت سے احتجاجی جلوس اورمظاہرے منعقد کیے گئے۔

مختصر لنک:

کاپی