اسرائیلی جیلوں میں بھوک ہڑتالی اسیران کے امور کی نگرانی کے قائم کردہ کمیٹی کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ صہیونی انتظامیہ نے بھوک ہڑتالی اسیر رہ نما احمد سعدات کو عسقلان جیل سے اوھلیکدار قید خانے منتقل کردیا ہے۔
’آزادی وحریت بھوک ہڑتال فالو اپ کمیٹی‘ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی انتظامیہ کی طرف سے احمد سعدات کی ایک سے دوسری جیل منتقلی دراصل قابض انتظامیہ کی جانب سے اسیران کو ان کے اقارب سے ملاقات پر پابندی کے منظم انتقامی حربے کا حصہ ہے۔ احمد سعدات کو عسقلان سے اوھلیکدار جیل ایک ایسےوقت میں منتقل کیا گیا جب انسانی حقوق کی تنظیم’ضمیر فاؤنڈیشن‘ کے مندوبین ان سے ملنے کے لیے جیل پہنچ رہے تھے۔
خیال رہے کہ اسرائیل کی جیلوں میں اس وقت 1800 فلسطینی اسیران اجتماعی بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ آج ان کی بھوک ہڑتال 29 روز میں داخل ہوگئی ہے۔
بھوک ہڑتال فلسطینی اسیران نے چند اہم مطالبات پیش کیے ہیں۔ ان کے مطالبات میں اسیران سے ان کے اقارب کے ملاقات پرپابندی ختم کرنا، انتظامی حراست کی پالیسی روکنا اور قیدیوں کو قید تنہائی میں ڈالنے کا ظالمانہ حربہ آئندہ استعمال نہ کرنے جیسے مطالبات شامل ہیں۔