فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں مکانات سے محروم ہونے والے فلسطینی خاندانوں میں کویت کی طرف سے جاری کردہ نئی امدادی رقم تقسیم کی گئی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ میں فلسطینی وزیر برائے بہبود عامہ و ہاؤسنگ مفید الحساینہ نے بتایا کہ حکومت نے خلیجی ریاست کویت کی طرف سے ملنے والی امدادی کی نئی قسم بے گھر خاندانوں میں تقسیم کرنے کا کام مکمل کرلیا ہے۔ متاثرہ شہریوں کو پیغام بھیجا گیا ہے کہ وہ غزہ میں فلسطین بنک کی شاخوں سے اپنی امداد وصول کرسکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کویت کی طرف سے غزہ میں جنگ سے متاثرہ شہریوں کے لیے 49 لاکھ 96000 ہزار ڈالر کی نئی امداد فراہم کی گئی تھی جسے متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
مفید الحساینہ کا کہنا تھا کہ یہ رقم ان خاندانوں میں تقسیم کی گئی ہے جن کے گھر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں کلی طور پرتباہ ہوچکے تھے۔
فلسطینی وزیر نے کویت کی طرف سے ملنے والی گرانٹ کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت امیر کویت الشیخ الاحمد جابر الصباح، کویتی حکومت اور کویتی قوم کی بے حد ممنون ہے جنہوں نے غزہ کے ستیم رسیدہ عوام کو امداد فراہم کی ہے۔