اسرائیلی جیلوں میں گذشتہ انتیس روز سے مسلسل بھوک ہڑتال کرنے والے اسیران میں مزید اسیران بھی شامل ہوگئے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے شعبہ امور اسیران کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ آج سے اسرائیلی جیلوں میں قید مزید فلسطینی بھی ’عزت اور آزادی‘ کے عنوان سے جاری بھوک ہڑتال میں شامل ہوگئے ہیں۔
حماس کے محکمہ اسیران کا کہنا ہے کہ مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اسیران آج سے بھوک ہڑتال شروع کررہے ہیں۔ حماس کی طرف سے اسیران کی حمایت میں آج سے نفیر عام کا بھی اعلان کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی جیلوں میں اپنے حقوق کے حصول کے لیے بھوک ہڑتال کرنے والے اسیران کی تعداد میں مزید اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ آج سوموار کو مزید اسیران بھی بھوک ہڑتال شروع کررہے ہیں۔
حماس کا کہنا ہےکہ اسرائیلی جیلوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے اسیران کی تحریک کا ناکام نہیں ہونے دیا جائےگا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سنہ 2012ء میں جماعت کے اسیران نے طویل بھوک ہڑتال کرکے صہیونی دشمن کو اپنے مطالبات پورے کرنے پر مجبور کردیا تھا۔ اس بات بھی فتح اسیران اور ان کی تحریک کی ہوگی۔
خیال رہے کہ اسرائیلی جیلوں میں 17 اپریل سے 1500 فلسطینی اسیران نے بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔ آج ان کی بھوک ہڑتال کو 29 روز ہوچکے ہیں اور بھوک ہڑتالی اسیران کی تعداد بڑھ کر 1800 سے تجاوز کرچکی ہے۔