گذشتہ روز فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی اتھارٹی کی زیرنگرانی ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندنی اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی شکایات سامنے آئی ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطین الیکشن مانیٹرنگ فاؤنڈیشن کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ غرب اردن میں فلسطینی اتھارٹی کی زیرنگرانی ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں انتخابی قواعد وضوابط کی خلاف ورزیاں کی گئی ہیں۔
’الحق‘ فاؤنڈیشن کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کی ایک فہرست جاری کی گئی ہے۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ تنظیم نے انتخابات کے دوران دھاندلی اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کی شکایات الیکشن کمیشن کو بھیج دی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کئی پولنگ مراکز پرعملے کی طرف سے ووٹروں سے عدم تعاون دیکھا گیا۔ جلد بازی کے نتیجے میں کئی مقامات پر پولنگ متاثر ہوئی۔ الیکشن عملے نے غیر پیشہ وارانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔
بیشتر پولنگ مراکز پر الیکشن کے روز بھی انتخابی مہم کا سماں رہا اور تحریک فتح کے امیدوار اور ان کے حامی شہریوں کو اپنی حمایت میں ووٹ ڈالنے پر قائل کرتے نظرآئے۔
ووٹروں میں پروپیگنڈہ مواد تقسیم کیا گیا اور شہریوں سے کہا گیا کہ وہ مخصوص امیدواروں کوووٹ دیں۔ پولنگ مراکز پر فلسطینی اتھارٹی کے من پسند امیدواروں کی حمایت میں نعرے لگوائے جاتے رہے۔
معذور اور عمر رسیدہ ووٹروں کے لیے ووٹ ڈالنے کی کوئی الگ سے سہولت موجود نہیں تھی اور معذوروں کو بھی عمارتوں کی دوسری اور تیسری منزلوں میں بنائے گئے پولنگ بوتھ پر لے جانے کی کوشش کی گئی۔
غرب اردن کے بیشتر پولنگ مراکز پر بدنظمی عام دیکھی گئی۔ الخلیل شہر میں تین گروپوں کے امیداروں اور ان کے حامیوں کے درمیان ہاتھا پائی اور گالم گلوچ تک نوبت جا پہنچی۔
عملے کی طرف سے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا گیا۔ کئی مراکز پر عملے کی تعداد نہ ہونے کے برابر تھی اور صرف مخصوص ٹولے کے لوگوں کو اپنی مرضی کے مطابق ووٹ ڈلوانے کاموقع فراہم کیا گیا تھا۔ کئی پولنگ مراکز پر دھاندلی واضح شکایات دیکھی گئیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی اتھارٹی کے حکم پر بلدیاتی انتخابات کا ڈرامہ رچایا گیا۔ بلدیاتی انتخابات میں غزہ کی پٹی اور بیت المقدس کو شامل نہیں کیا گیا۔ مبصرین نے فلسطین کے دو بڑے اور اہم علاقوں کو بلدیاتی انتخابات میں شامل نہ کرنے کو بھی دھاندلی سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔