چهارشنبه 30/آوریل/2025

اسیران سے یکجہتی کے لیے مظاہرے، ایک فلسطینی شہید، دسیوں زخمی

ہفتہ 13-مئی-2017

فلسطین کے مختلف شہروں میں کل جمعہ کے روز نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد اسرائیلی جیلوں میں 27 روز سے مسلسل بھوک ہڑتال کرنے والے اسیران کی حمایت میں ریلیاں نکالی گئیں۔ اسرائیلی فوج کی منظم ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید اور دسیوں زخمی ہوگئے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق کل جمعہ کو غزہ کی پٹی، غرب اردن اور بیت المقدس سمیت کئی دوسرے فلسطینی شہروں میں اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئیں۔ قابض صہیونی فورسز نے پرامن اور نہتے فلسطینی مظاہرین کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی نوجوان شہید اور دسیوں زخمی ہوئے ہیں،

فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ قابض صہیونی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ کے شمالی علاقے النبی صالح میں نکالے گئے ایک جلوس پر براہ راست فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 20 سالہ فلسطینی سباء نضال عبید شہید اور دسیوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔

وزارت صحت اور عینی شاہدین کے مطابق قابض صہیونی فوجیوں نے نضال عبید کو انتہائی قریب سے اس کے سینے میں گولیاں ماریں جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ النبی صالح قصبے میں فلسطینی شہریوں کے پرامن احتجاجی مظاہرے پر صہیونی فوج نے آنسوگیس کی شیلنگ، ربڑ کی گولیوں کی بوچھاڑ کی اور براہ راست فائرنگ بھی کی جس کے نتیجے میں کئی فلسطینی شدید زخمی ہوئے ہیں۔ دسیوں افراد اشک آور گیس کی شیلنگ سے بے ہوش گئے۔ جب کہ ایک فلسطینی نوجوان سینے میں گولی کھانے کے بعد شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

ادھر رام اللہ میں اسرائیل کی ’عوفر‘ جیل کے باہر بھی سیکڑوں فلسطینیوں نے اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جلوس نکالا۔ صہیونی فوجیوں نے ان مظاہرین کے خلاف بھی طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں کئی شہری زخمی ہوئے۔

غرب اردن کے شہر نابلس میں جمعہ کے روز صہیونی فوج اور فلسطینی مظاہرین کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہی۔ فلسطینی ہلال احمر کے شعبہ حادثات کے انچارج احمد جبریل نے بتایا کہ نابلس میں اسرائیلی فوج کی آنسوگیس کی شیلنگ اور تشدد سے 40 فلسطینی زخمی ہوئے جنہیں موقع پر فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ صہیونی فوج کی طرف سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ربڑ کی گولیوں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں 16 شہری ربڑ کی گولیوں سے زخمی ہوئے۔ متعدد شہری ’توتو‘ گن کی فائرنگ سے زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

قابض صہیونی فوج نے غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل، بیت لحم، قلقیلیہ، کفر قدوم، جنین، طولکرم اور دوسرے شہروں میں بھی فلسطینی شہریوں کے احتجاجی مظاہروں کو کچلنے کے لیے ان پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں دسیوں افراد زخمی یا بے ہوش ہوئے ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی