فلسطین کے ممتاز عالم دین اور مسجد اقصیٰ کے خطیب و سپریم اسلامی کونسل کے چیئرمین الشیخ عکرمہ صبری نے ترکی کے شہر استنبول میں بین الاقوامی القدس اوقاف کانفرنس کے انعقاد اور اس میں منظور کی جانے والی سفارشات کا خیر مقدم کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق یہ کانفرنس حال ہی میں ترکی کے شہر استنبول میں منعقد کی گئی جس میں ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ القدس اوقاف کانفرنس مں فلسطین، مراکش، ترکی اوراردن سے بھی مندوبین شریک ہوئے۔
الشیخ عکرمہ صبری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ استنبول القدس اوقاف کانفرنس میں منظور کی جانے والی سفارشات فلسطینی قوم کی آواز ہیں۔ انہوں نے کانفرنس کے اعلامیے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ان سفارشات پر عالمی برادری کی طرف سے عمل درآمد کرانے کی کوششیں تیز کی جانی چاہئیں۔
الشیخ عکرمہ صبری کا کہنا تھا کہ استنبول میں منعقدہ القدس اوقاف کانفرنس اپنی نوعیت اور کیفیت کے اعتبار سے ایک کامیاب کانفرنس تھی جس میں بیرون ملک مقیم فلسطینی شہریوں نے القدس کی بھرپور نمائندگی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس سے ترک صدر کا خطاب، فلسطین کی موجودہ صورت حال بالخصوص اذان پر اسرائیلی پابندیوں کے خلاف ان کا جرات مندانہ موقف فلسطینی قوم کے لیے خوش آئند ہے۔ ترک صدر ایردوآن نے جس جرات کے ساتھ فلسطینی قوم کی حمایت کی ہے وہ جذبہ قابل ستائش ہے۔