چهارشنبه 30/آوریل/2025

القسام کمانڈر مازن فقہا کا قاتل گرفتار کرلیا:اسماعیل ھنیہ

جمعہ 12-مئی-2017

اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے نو منتخب سربراہ اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ چند ماہ قبل غزہ کی پٹی میں شہید کیے گئے جماعت کے عسکری کمانڈر مازن فقہا کے قاتل کو پکڑ لیا گیا ہے۔ مجرم نے صہیونی انٹیلی جنس اداروں کے اشاروں اور احکامات پرعمل درآمد کرتے ہوئے فقہا کو شہید کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے  اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ اسرائیلی دشمن کے خفیہ اداروں کے تعاون سے القسام بریگیڈ کے کمانڈر مازن فقہاء کو شہید کئے جانے میں ملوث مجرم کی گرفتاری اہم پیش رفت ہے۔ یہ دشمن کے لیے بھی واضح پیغام ہے کہ وہ جن تخریب کار عناصر کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کررہا ہے انہیں زیادہ دیر تک کھل کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

جنوبی غزہ میں تل الھوا کالونی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ شہید مازن فقہا کے قاتل کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ دوران تفتیش اس نے اہم اعترافات کیے ہیں اور مازن فقہا کے براہ راست ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے اسرائیلی خفیہ اداروں کے اشاروں اور احکامات پرعمل درآمد کرتے ہوئے مازن کو شہید کیا۔

انہوں نے کہا کہ مجرم سے مزید تفتیش جاری ہے۔ تفتیش کی تفیصلات اور دیگر نتائج وزارت داخلہ ایک پریس کانفرنس میں بیان کرے گی۔

اسماعیل ھنیہ کا کہنا تھا کہ مازن فقہاء کےقاتل کو عبرت کا نشان بنایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی قوم کے ہیروز کی جان کے لیے خطرہ بننے والے کسی بھی ایجنٹ کےساتھ ذرا بھی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ ایسے قوم دشمن عناصر کو کڑی سزائیں دی جائیں گی تاکہ آئندہ کسی کو ایسے جرم کی جرات نہ ہو۔

خیال رہے کہ القسام کمانڈر مازن فقہاء کو 24 مارچ 2017ء بہ روز جمعہ اس کے گھر کے قریب نا معلوم شخص نے سرمیں کئی گولیاں مار کر شہید کردیا تھا۔

مازن فقہا سنہ2002ء کو اسرائیلی فوج نے حراست میں لیا اور ان پر 11 اسرائیلیوں کے قتل کے الزام میں مقدمہ چلایا گیا۔ انہیں 11بار عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی تاہم 38 سالہ مازن فقہاء کو 2010ء میں حماس اور اسرائیل کے درمیان طے پائے قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے تحت رہا کردیا گیا تھا۔

مختصر لنک:

کاپی