پنج شنبه 01/می/2025

مسلسل بھوک ہڑتال کے 26 روز، فلسطینی اسیران مطالبات پرقائم

جمعہ 12-مئی-2017

اسرائیلی زندانوں میں پابند سلاسل دو ہزار سے زاید فلسطینی قیدیوں کی مسلسل بھوک ہڑتال آج 26 روز میں جاری ہے۔ اسیران کا کہنا ہے کہ ’عزت اور آزادی‘ کے عنوان سے جاری خالی پیٹ کی جنگ منطقی انجام تک جاری رکھی جائے گی۔ جب تک بھوک ہڑتالی اسیران کے مطالبات پورے نہیں ہوتے اس وقت تک بھوک ہڑتال جاری رہے گی۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق بھوک ہڑتالی اسیران کے لیے قائم کردہ فالو اپ کمیٹی نے بھوک ہڑتال کے گذشتہ 25 دنوں میں پیش آنے والے واقعات کا تجزیہ کیا ہے۔ 17 اپریل 2017ء سے جاری بھوک ہڑتال کے دوران اب تک درج ذیل نمایاں واقعات پیش آئے۔

ایچل جیل میں وکلاء کی اسیران سے ملاقات
ایچل جیل میں بھوک ہڑتالی اسیران سے ان کے وکلاء اور انسانی حقوق کے مندوبین نے ملاقات کی۔ مندوبین نے بتایا کہ بھوک ہڑتالی اسیران کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانے کے لیے انہیں سنگین جرائم کے لیے قائم کردہ سیلوں میں ڈال دیا گیا ہے۔ صہیونی پولیس، فوج اور دیگر تفتیشی ادارے روز مرہ کی بنیاد پر اسیران کے کمروں کی تلاشی لیتے اور اشتعال انگیز حرکات کا ارتکاب کرتے ہیں۔ صہیونی حکام ایک طے شدہ پالیسی کے تحت اسیران کے کمروں کی تلاشی کے ساتھ ساتھ ان سے جارحانہ سلوک کرتے ہیں۔

اسیران کو گندی اور غلیظ گالیاں دی جاتی ہیں اور انہیں سنگین نتائج کی دھمکیوں کا بھی سامنا ہے۔ کئی اسیران کو دیگر قیدیوں سے الگ تھلگ کرکے انہیں قید تنہائی میں ڈال دیا ہے۔

بھوک ہڑتال کے پیچیس روزہ سفرمیں ایک اہم پیش رفت ریڈ کراس کے مندوبین کی ہڑتالی اسیران کے قاید مروان البرغوثی سے ملاقات ہے۔ صہیونی حکام نے وکلاء اور انسانی حقوق کے کارکنوں پر مروان البرغوثی سے ملاقات پر پابندی عاید کر رکھی تھی۔

بھوک ہڑتالی اسیر کریم یونس خرابی صحت کے باعث حال ہی میں الرملہ اسپتال منتقل کیے گئے۔

عوفر جیل میں قید 47 بھوک ہڑتالی اسیران کو نیتزان ھداریم میں قائم کردہ فیلڈ اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

فلسطین میں عوامی سطح پر اسرائیلی زندانوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے اپنے بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے مظاہروں میں بھی غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔ اسیران کی حمایت میں سرگرم کمیشن کی طرف سے شہریوں سے آج جمعہ کے روز ملک بھرمیں اسیران کی حمایت میں ریلیوں اور جلسے جلوسوں میں شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔ جیلوں کے قریب مساجد میں خصوصی جمعہ کے اجتماعات کا اعلان کیا گیا۔

خیال رہے کہ اسرائیلی جیلوں میں 17 اپریل کو 1500 فلسطینی اسیران نے اجتماعی بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔ آج اس بھوک ہڑتال میں مزید سیکڑوں شہری شامل ہوچکے ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی